نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ
ہندوستان میں اس وقت فرقہ پرستی کی آگ لگی ہوئی ہے اور اس آگ کو جموں
وکشمیر تک پھیلنے سے روکنے کے لئے سیکولر طاقتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔سری نگر پارلیمانی نشست کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے اپنے کاغذات
نامزدگی جمع کرنے کے بعد این سی صدر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز یہاں
پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ ہندوستان میں اس وقت جو فرقہ پرستی کی آگ لگی ہوئی ہے، اگر اس آگ
پر فوری طور پر قابو نہیں پایا گیاتو ایسے
شعلے بھڑکیں گے جو نہ صرف بھارت
بلکہ ریاست جموں وکشمیر اور سرحد پار تک جائیں گے، وقت کا تقاضہ ہے کہ
سیکولر طاقتیں متحدہ ہوکر ریاست جموں وکشمیر کو فرقہ پرستی کی آگ کی نذر
ہونے سے بچائیں۔اس انتخابی جلسہ جس میں این سی کارگذار صدر عمر عبداللہ اور ریاستی کانگریس
صدر جی اے میرکے علاوہ دونوں جماعتوں کے سرکردہ قائدین بھی موجود تھے، سے
خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا ہمارا دشمن مشترکہ ہے، اس لئے
ہمیں تمام رنجشیں اور دوریاں بالائے طاق رکھ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا
چاہئے کیونکہ صرف اور صرف اسی صورتحال میں ہم کامیاب و کامران ہوسکتے
ہیں۔